کراچی(اے بی این نیوز) ملک کی بحری سرحدوں کے محافظ ادارے پاک بحریہ نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ہمہ وقتی چوکسی کا ثبوت دیتے ہوئے بھارتی جاسوس طیارے P8I کی موجودگی کا بروقت سراغ لگایا اور اسے مسلسل نگرانی میں رکھا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 4 اور 5 مئی کی درمیانی شب پیش آیا، جب پاک بحریہ کے ریڈار اور نگرانی کے نظام نے بھارتی بحریہ کے طیارے P8I کی غیر معمولی نقل و حرکت کو محسوس کیا۔ طیارہ پاکستانی سمندری حدود کے قریب پرواز کر رہا تھا، جس پر پاک بحریہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے نہ صرف طیارے کا سراغ لگایا بلکہ اس پر مسلسل نظر رکھنا شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق پاک بحریہ نے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھا اور ہر سطح پر تیاری برقرار رکھی۔ بھارتی طیارے کی نقل و حرکت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اس کی تمام حرکات کا بغور مشاہدہ کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کا فوری اور موثر جواب دیا جا سکے۔
پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک کی بحری حدود کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ ہمہ وقت تیار ہے اور دشمن کی کسی بھی حرکت پر بھرپور اور مناسب جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی اور بحری خودمختاری کا دفاع پاک بحریہ کی اولین ترجیح ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی، تربیت یافتہ افرادی قوت اور مضبوط دفاعی حکمت عملی کی بدولت دشمن کے ہر اقدام پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ چوکنا ہے۔
مزید پڑھیں :بھارتی آبی جارحیت،ارسا نے الارم بجا دیا، خریف سیزن کیلئے مجموعی طور پر 21 فیصد پانی کی کمی کا سامنا رہے گا