اسلام آباد ( اے بی این نیوز )ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جب پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کی کوششیں جاری رہیں تو وہ پمپس بند کر دیں گے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ تین سال سے پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کے لیے کوششیں کی جا رہی تھیں۔ جب ہڑتال کی کال دی گئی، انہیں اسلام آباد بلایا گیا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ انہیں دھمکی بھی دی گئی لیکن وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن سے کمپنیوں میں اسمگلنگ اور مضر مصنوعات کی فروخت کا امکان بڑھ جائے گا، اور وہ اس اقدام کے لیے تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈی ریگولیشن کا عمل جاری رکھا گیا تو پیٹرولیم ڈیلرز پمپس بند کر دیں گے۔ اس سے قبل پیٹرولیم ڈیلرز نے وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کو خط لکھا تھا، جس میں اس اقدام کی شدید مخالفت کی گئی تھی اور فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔
عبدالسمیع خان نے وزیر پیٹرولیم سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پی پی ڈی اے کے وفد کے ساتھ اس معاملے پر میٹنگ بلائیں تاکہ اس پر بات چیت کی جا سکے۔