اہم خبریں

پارٹی سے نکلوانے کا ذمہ دار کون ؟ شیر افضل مروت نے نام بتا دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما شیر افضل مروت نے پارٹی سے نکالے جانے کی ذمہ داری سلمان اکرم راجا پر ڈال دی۔

شیر افضل مروت نے اس بات کا شکوہ کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی کسی بھی بات کا اثر اتنا ہوتا ہے کہ پارٹی کے اندر اہم فیصلے فوراً ہو جاتے ہیں، اور انہیں نکالے جانے کی وجہ کا جواب بھی پارٹی کے پاس نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں اب بانی کی رہائی کی نہیں، بلکہ عہدوں کے حصول کی سیاست ہو رہی ہے۔

پی ٹی آئی کی سینئر رہنما شاندانہ گلزار نے بھی اعتراف کیا کہ عمران خان پارٹی میں کان کے کچے ہیں اور اقتدار کے دوران بھی پارٹی رہنما ان سے یہی شکوہ کرتے تھے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، اور ان کی جانب سے جواب نہ دینے پر انہیں پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا تھا۔ دو روز قبل قومی اسمبلی میں شیر افضل مروت نے اپنی ہی پارٹی سے سوال کیا تھا کہ “مجھے کیوں نکالا؟”

قومی اسمبلی کے اجلاس میں جب شیر افضل مروت اپوزیشن گیٹ کی بجائے حکومتی گیٹ سے ایوان میں داخل ہوئے تو حکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا، جس پر اسپیکر ایاز صادق نے مذاق میں کہا کہ “آپ لوگ انہیں مروا نہ دینا۔” اجلاس کے دوران جب اسپیکر نے موبائل کمپنیوں کے ضم ہونے پر سوال کرنے کو کہا تو شیر افضل مروت نے کہا، “میرا سوال ابھی صرف اپنے لوگوں سے ہے، مجھے کیوں نکالا ہے؟”

اس موقع پر حکومتی ارکان نے قہقہے لگائے، تاہم پی ٹی آئی کے اراکین خاموش رہے۔ حکومتی اراکین نے شیر افضل مروت کے ساتھ نعرے لگائے، “مروت کو کیوں نکالا؟ ظالمو جواب دو، مروت کو حساب دو” اور بیرسٹر گوہر سے بھی کہا کہ وہ ان کا ساتھ دیں۔

متعلقہ خبریں