اسلام آباد( اے بی این نیوز ) مردم شماری ایک بہت بڑی قومی مشق ہے اور اس پر عملدرآمد کے لئے مناسب منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کو مردم شماری کی سرگرمیوں سے آگاہ کرنے کے لئے نیشنل مردم شماری کوآرڈینیشن سینٹر (این 3 سی)، پی بی ایس ہیڈ آفس، اسلام آباد میں ایک اورینٹیشن سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ ورلڈ بنک، یونیسیف، یو این ایف پی اے،یو این ہیبیٹیٹ، ڈبلیو ایف پی، پاپولیشن کونسل، ایف اے او،ایف سی ڈی اواور ر یو این ایچ سی آر،ایس ڈی پی آئی،پی آئی ڈی ای جیسے بین الاقوامی اور قومی اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر، ممبر (سپورٹ سروسز/ریسورس مینجمنٹ)، محمد سرور گوندل، ممبر(مردم شماری و سروے)، ایاز الدین اور پی بی ایس کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے پی بی ایس کی جانب سے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ مشترکہ مفادات کی کونسل (سی سی آئی) کی جانب سے ساتویں مردم شماری ڈیجیٹل طریقے سے کرانے کی ہدایت کے بعد سے پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) اس ہدایت پر عمل درآمد کے لیے سخت محنت کر رہا ہے۔ سی سی آئی نے ساتویں مردم شماری کرانے کی ہدایات میں گزشتہ مردم شماری میں درپیش مسائل کے حل کے لیے مخصوص اقدامات شامل کرنے پر زور دیا۔ ایک خاص مسئلہ قومی شناختی کارڈ کا استعمال تھا جس نے تنازعات کو جنم دیا۔ پی بی ایس کو ساتویں مردم شماری کے ڈیزائن کے بارے میں صوبائی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ معلوماتی سیشن منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ مردم شماری کے عمل اور نتائج پر ان کا اعتماد بہتر ہو سکے۔ فورم کو آگاہ کیا گیا کہ مردم شماری کے انعقاد کے آغاز کے لئے مقرر کردہ سنگ میل پی بی ایس اور اس کے شراکت داروں خاص طور پر نادرا، این ٹی سی، صوبائی حکومتوں اورمسلح افواج کی انتھک کوششوں سے حاصل کیے گئے ہیں۔ اس سنگ میل میں ٹیبلٹ کے حصول اور تقسیم کے لئے 495 مردم شماری سپورٹ سینٹرز کا قیام، مردم شماری کی سرگرمیوں کے لئے کوآرڈینیشن، گنتی عملے کے انتظام اور لاجسٹکس، ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر سپورٹ شامل ہیں۔ فیلڈ گنتی کے لئے صوبائی حکومتوں سے 126,000 فیلڈ شمار کنندگان کا حصول، 126,00 محفوظ ٹیبلٹس کا حصول،گنتی، انتظامیہ پر مشتمل ای آر پی سسٹم کی ترقی، اور مردم شماری کے انعقاد کے لئے ماڈیولز کی نگرانی؛ مردم شماری کی اوسط کا جائزہ لینے کے لئے پائلٹ مردم شماری کا انعقاد اور اس طرح صوبائی حکومتوں کے 126,000عہدیداروں کو ڈیجیٹل مردم شماری کے لئے تربیت دینے کے لئے تین سطحی جامع ٹریننگ کی راہ ہموار ہوئی۔ محفوظ سرورز کو ڈیٹا کی محفوظ ٹرانسمیشن کا قیام؛ خود گنتی پورٹل کا قیام؛ اور رائے دینے اور شکایات کے ازالے کے لئے کال سینٹرز کا قیام بھی شامل ہے۔ فورم کو آگاہ کیا گیا کہ آنے والی ڈیجیٹل خانہ ومردم شماری نہ صرف ملک میں افراد کی گنتی کرے گی بلکہ یہ ایک وسیع مشق ہے جو ملک کے تمام ڈھانچوں کو جیو ٹیگ کرے گی اور اقتصادی شمارکے لئے ایک بنیاد فراہم کرے گی۔انہوں نے کمپیوٹر اسسٹڈ ٹیلی فونک انٹرویوز (CATI) کے ذریعے مانیٹرنگ کے طریقہ کار اور کوالٹی کی یقین دہانی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کے ذریعے جمع کردہ آبادی کے اعداد و شمار اہم ہیں کیونکہ یہ تمام ترقیاتی منصوبہ بندیوں کے لئے بہت ضروری ہیں۔
شرکاء نے اسٹیک ہولڈرز کو ایک ساتھ لانے، مردم شماری کے مختلف مراحل اور خاص طور پر مردم شماری کے بعد اس کے نتائج کے مؤثر استعمال کے بارے میں سوالات اٹھائے۔ پی بی ایس سے خود شماری کی تکنیکی تفصیلات کے بارے میں بھی پوچھا گیا کیونکہ یہ ایک جدت ہے۔ پی بی ایس نے ان سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اسٹیک ہولڈرز کو تیاری کے ہر مرحلے پر آگاہ کیا گیا ہے اور وہ مردم شماری کے انعقاداور نگرانی کا بھی حصہ ہوں گے۔ ڈیجیٹل نظام تحصیل سے لے کر صوبائی سطح تک تمام صوبوں کی جانب سے متعلقہ حکام کی جانب سے مشترکہ پیش رفت کی نگرانی کی اجازت دیتا ہے۔
سوال و جواب کے سیشن کے دوران شرکاء کے سوالات کو حل کیا گیا۔ شرکاء نے مردم شماری کنٹرول سینٹر، جی آئی ایس لیب اور کال سینٹر کا بھی دورہ کیا کیونکہ یہ تمام ادارے مردم شماری کے ڈیجیٹل انعقاد اور فوری فیصلہ سازی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے مکمل طور پر لیس ہیں۔ تمام شرکاء نے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عظیم الشان قومی سرگرمی کی کامیابی سے تکمیل کے لئے پی بی ایس کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
