اہم خبریں

تمام آسمانی مذاہب وکتب کے تقدس کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی ہونی چاہیے ، طاہر محمود اشرفی

لاہور(نیوز ڈیسک   )وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور کونسل اراکین نے کہا ہے کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے ، قرآن کریم کی تعلیمات امن ، محبت ، رواداری اور سلامتی کو فروغ دیتی ہیں، سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن کریم کی توہین کرنے والے گستاخوں کیخلاف فوری اقدامات کئے جائیں۔ جمعہ کو جاری مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ میں قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے ، تمام آسمانی مذاہب وکتب کے تقدس کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب کے مقدسات کی توہین کو آزادی اظہار نہیں کہا جا سکتا، قرآن کریم ، انبیا کرام اور سیدنا محمدﷺ ۖ کی ناموس کی توہین کرنے والے ایک ارب ستر کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی حفاظت کا ذمہ اللہ تعالی نے لیا ہے ، اس طرح کی حرکتوں سے قرآن کریم کا پیغام مزید دنیا تک پہنچے گا،قرآن کریم جلانے اور توہین کرنے والوں کو چاہیےکہ وہ قرآن کریم اور سیرت مصطفیﷺ ۖ کا مطالعہ کریں تو انہیں معلوم ہو گا کہ قرآن کریم اللہ کی کتاب اور قرآن کریم کا پیغام امن ، سلامتی اور اعتدال ہے ۔

متعلقہ خبریں