بنگلادیش نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کی شرائط نرم کرتے ہوئے آن لائن ویزا حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے دورے کے دوران بنگلادیش کے سفیر محمد اقبال خان نے کہا کہ لاہور کی تہذیب اور ثقافت عالمی سطح پر پہچانی جاتی ہے اور بنگلادیش کے عوام پاکستان سے گہرا محبت کا رشتہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سفیر نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تجارت بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ بنگلا دیش پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ ہم بنگلادیش کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں اور جلد بنگلادیش کے دورے کے لیے وفود بھیجے جائیں گے۔