راولپنڈی(اے بی این نیوز)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج فتنہ الخوارج اور اس کے سہولت کاروں کو شکست دے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، دورے کے موقع پر آرمی چیف کو انسداد دہشت گردی کے لیے جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے جوانوں، افسروں کے عزم اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں، شہدا کو نہ بھولیں گے، نہ خوں رائیگاں جائے گا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج، دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کے تعاون سے دہشت گردی کا خاتمہ کرے گی، ملک میں دیرپا اور پائیدار امن کا قیام یقینی بنائیں گے، ملک میں دیرپا اور پائیدار امن کا قیام یقینی بنائیں گے۔
آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور اس کے سہولت کاروں سمیت شکست دیں گے، آرمی چیف نے اہلکاروں اور افسروں کے عزم اور جذبہ کو سراہا۔واضح رہے کہ آرمی چیف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوان شہید ہو گئے تھے۔
اس حملے کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے حملے کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 16 بہادر جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔اس سے قبل آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک۔افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی تھی، فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی مارے گئے تھے۔
مزید پڑھیں :عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر، کل نہیں سنایا جائے گا