کراچی( نیوز ڈیسک )حکومت سندھ نے کراچی میں خواتین کے لیے مخصوص پنک پیپلز بس سروس چلانے کا اعلان کیا ہے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے پنک پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ پنک پیپلز بس سروس کے پہلے روٹ کے لیے ماڈل کالونی ، شاہراہِ فیصل تا ٹاور روٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔صوبائی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ پنک بس سروس دفتری اوقات میں صبح اور شام کے اوقات میں ہر 20 منٹس کے بعد چلے گی۔ دفتری اوقات کے بعد معمول کے اوقات میں ہر ایک گھنٹے کے بعد پنک بس سروس چلے گی۔شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے روٹ 4، 5, 6 اور 7 پر جلد از جلد بسیں چلانی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہو۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنا ، آپریشن منیجر این آر ٹی سی عبدالشکور نے شرکت کی ۔