شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق، حکومت نے چینی کی ایکس مل قیمت 140 روپے فی کلوگرام تک رہنے کی شرط پر سرپلس چینی کی برآمد کی اجازت دی تھی، جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں چینی کی ریٹیل قیمتیں 130 روپے تک ہیں۔
ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ گزشتہ کرشنگ سیزن 24-2023 کے اختتام کے بعد چینی اپنی پیداواری لاگت سے بہت کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق، پچھلے دو کرشنگ سیزن میں گنے کی قیمت تقریباً دوگنا ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے چینی کی پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے چینی کے سٹے بازوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار و نیشنل فوڈ سکیورٹی، رانا تنویر حسین نے بھی چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت 140 روپے کی حد سے کم ہے اور چینی کی ریٹیل قیمت 130 روپے اور ہول سیل قیمت 124-125 روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چینی کی قیمتوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور حکومت کے موثر اقدامات کے ذریعے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ چینی کی قیمتیں قابو میں ہیں۔
سردی میں مزید اضافہ، سکولوں کے اوقات کار ایک مرتبہ پھر تبدیل















