پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 33 کروڑ ڈالر قرض معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کا مقصد سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانا اور غربت کے خاتمے کے لیے نچلی سطح پر سماجی تحفظ کی خدمات کو وسعت دینا ہے۔
یہ معاہدہ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کاظم نیاز اور اے ڈی بی کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے دستخط کیے۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، یہ قرض انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت دیا گیا ہے، جس کا مقصد غریب اور کمزور خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے بی آئی ایس پی کے تحت غریب خواتین اور ان کے خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، اور انہیں موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے معاونت دی جائے گی۔
اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے اس بات کا ذکر کیا کہ اس پروگرام کے ذریعے غریب بچوں اور نوجوانوں کو پرائمری اور سیکنڈری تعلیم تک بہتر رسائی حاصل ہوگی، اور خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے لیے صحت کی خدمات اور غذائی امداد تک رسائی میں بھی بہتری آئی ہے۔















