اسلام آباد (اے بی این نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گزشتہ روز گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں عدم شرکت کا اعلان کیا۔
پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا کہ یہ فیصلہ مظلوم، بے دفاع اور پرامن شہریوں کے قتل عام میں خاموش سہولت کاری اور سیاسی اجرتوں کے عوض قاتلوں کی ملی بھگت کے پیش نظر کیا گیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے مذموم حکومتی ایجنڈے کی سرگرم حمایتی ہے، پیپلزپارٹی کا خیبرپختونخوا میں کوئی مینڈیٹ نہیں ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پختونخوا حکومت صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ اگر گورنر صوبائی حکومت کو کسی بھی معاملے پر سنجیدہ ان پٹ بھیجتے ہیں تو صوبائی حکومت اس پر ضرور غور کرے گی۔
واضح رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کل گورنر ہاؤس پشاور میں ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں :وزیر اعلیٰ کےپی کے کا وزیر اعظم کو خط، مظاہرین کیساتھ نسلی امتیاز، گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار