اہم خبریں

آئندہ 10 ماہ میں معیشت کو درست کرنا ضروری ہے: احسن اقبال

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہےکہ پوری دنیا میں معیشت کو نقصان کا سامنا ہے جب کہ ہمیں معیشت بہت نازک حالت میں ملی تھی لہٰذا ضروری ہے کہ آئندہ 10 ماہ معیشت کو درست کریں۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے جو مہم چلائی اس کا مقابلہ ضروری ہے کہ ہم عوام کو سچ بتائیں، پارٹی نے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کے لیے تیاری شروع کردی ہے، عمران خان نے اپنا بیانیہ اس بات پر بنایا کہ صرف وہ ایماندار باقی سب چور ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں تمام اداروں کو سیاسی مخالفین کے پیچھے لگادیا تھا، عمران خان کا دور ختم ہوا تو ایک ایک کرکے تمام انتقامی کیسز ختم ہوتے گئے، ڈیلی میل کے کیس میں بھی عمران خان کے بیانیےکو رسوائی ہوئی جب کہ وہ آج تک فنانشل ٹائم کے خلاف برطانوی عدالت نہیں گئے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں معیشت کو نقصان کا سامنا ہے، ہمیں معیشت بہت نازک حالت میں ملی تھی، ضروری ہے کہ آئندہ 10 ماہ معیشت کو درست کریں، اس وقت جو بھی انتشار پیدا کرے گا وہ پاکستان کا بدخواہ ہوگا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی پی ٹی آئی ارکان اسمبلی تحلیل کی حمایت نہیں کرتے جب کہ پنجاب میں انتظامی بدحالی ہے وہاں کوئی آئی جی اور چیف سیکرٹری کام کرنے کے لیے تیار نہیں، پنجاب میں نظام کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے جو آئینی آپشن ہوگا استعمال کریں گے۔

متعلقہ خبریں