اسلام آباد( نامہ نگار ) وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کو پلاٹوں کی نیلامی کے دوسرے روز بھی بھرپورپذیرائی ملی۔ نیلامی کے دوسرے روز بھی سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بھرپور مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ نیلامی میں اب تک 20 پلاٹس 32.50 ارب سے زائد کی مالیت میں فروخت کئے گئے۔ پلاٹس کی اوپن آکشن 26 جنوری تک جناح کنونشن سینٹر، اسلام آباد میں جاری رہے گی۔نیلامی کی نگرانی سی ڈی اے ممبر فنانس کی سربراہی میں قائم کی گئی نیلامی کمیٹی کررہی ہے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں ممبر اسٹیٹ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، ڈی ایف اے-II ، ڈی جی لاء، ڈرایکٹر پبلک ریلیشنز، ڈرایکٹر اربن پلاننگ، ڈرایکٹر ریجنل پلاننگ، ڈرایکٹر اسٹیٹ منیجمنٹ-II اور ڈرایکٹر فنانس کر رہے ہیں۔واضح رہے کمیٹی نے نیلام عام کو شفاف اور مقابلے کی فضا بنانے کے لئے مؤثر انتظامات کئے ہیں۔ جس کے باعث سرمایہ کار بولی میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لے رہے ہیں اور اپنی پسند کے مطابق پلاٹ حاصل کررہے ہیں۔کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کی جانب سے نیلام عام کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اوپن ہال میں آکشن کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسی طرح بولی دہندگان اور بولی موصول کنندگان کی باقاعدہ ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جارہی ہے تاکہ شفافیت کے عمل میں کسی بھی قسم کی کوئی کثر باقی نہ رہے۔چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے نیلامی کمیٹی کی طرف سے کئے جانے والے مؤثر اقدامات، شفافیت اور کامیاب نیلام عام کو سراہا۔نیلام عام میں اسلام آباد کے ڈویلپ سیکٹرز سمیت کمرشل ایریاز میں مختلف کٹیگریز کے رہائشی و کمرشل پلاٹس دستیاب ہیں۔موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے۔















