اہم خبریں

پاکستان اور ایران کا دہشتگردی چیلنجز سے ملکر نمٹنے پر اتفاق، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستانی وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرحدی امور سمیت دہشت گردی کے چیلنجز سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا۔

پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ سے خطے کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔ عالمی برادری سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات میں سرحدی امور اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ذریعے خودارادیت کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر کو پرامن انداز میں حل کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے سمیت مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ اسرائیلی کارروائیاں عالمی و انسانی حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشتگردی پاکستان اور ایران دونوں ملکوں کیلئے مشترکہ چیلنج ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے پاکستان کا مسئلہ فلسطین پر واضح اور دو ٹوک مؤقف ہے۔ اقوام عالم فلسطین میں جاری نسل کشی رکوانے میں ناکام رہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے اجتماعی کاوشیں درکار ہیں۔ پاکستان فلسطین اور لبنان کے مہاجرین کی انسانی بنیادوں پر مدد کررہا ہے۔ دہشت گردی دونوں ملکوں کے لیے مشترکہ چیلنج ہے۔
پریکٹس پروسیجر کمیٹی اجلاس کے مینٹس منظر عام پر آگئے

متعلقہ خبریں