اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی اپیل بحال کردی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی عدم تعمیل پر خارج کی گئی درخواست کو بحال کردیا۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا ’ہمت کارڈ‘ اور ’نگہبان کارڈ‘ جاری کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی جس دوران بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل پیش ہوئے جب کہ ریاستی وکیل عبدالرحمان بھی عدالت میں موجود تھے۔

سماعت کے دوران اسٹیٹ کونسل عبدالرحمان نے بھی بشریٰ بی بی کی بحالی کی درخواست کی مخالفت نہیں کی۔ عدالت نے سب جیل کے پروٹوکول سے متعلق استفسار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر عدالت کی مدد کی جائے۔ بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ بھی آج کرانے کا حکم دے دیا گیا۔

عدالت نے عمران خان کی اہلیہ کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی مرکزی درخواست 22 اپریل تک نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست عدم پیروی پر مسترد کر دی تھی۔ اس کے وکلاء نے دوبارہ درخواست بحال کرنے کے لیے علیحدہ درخواست دائر کی تھی۔