کوئٹہ(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہےکہ بلوچستان کے عوام کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے گوادر کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، کل تک گوادر شہر سے پانی کے نکاس کا عمل مکمل ہوجائے گا۔
میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں، پی ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کئے ہیں، اہلیان گوادر نے اس مشکل وقت میں امدادی اداروں سے جس طرح تعاون کیا وہ قابل ستائش ہے۔
مزیدپڑھیں:بیرسٹر گوہر بلامقابلہ تحریک انصاف کے چیئرمین منتخب
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بارشوں اور سیلابی پانی سے سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا، نقصان کے تعین کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو20 روز کے اندر مکمل رپورٹ پیش کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 700 سے زائد گھر بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم بھی متاثر ہورہے ہیں، قدرتی آفات کے اثرات کو پہلے سے پلان نہیں کیا جاسکتا۔