اسلام آباد ( اے بی این نیوز )سی ڈی اے بورڈ نے ریونیو شیئرنگ کی بنیاد پر اسلام آباد میں پارکنگ سائٹس کی ڈیجیٹلائزیشن کی منظوری دے دی
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی انتظامیہ اسلام آباد شہر بالخصوص کاروباری مراکز میں کار پارکنگ کے لئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ معیشت کو فروغ ملنے کے ساتھ اسلام آباد شہر میں ٹریفک جام جیسے مسائل کے خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے.
مزید پڑھیں :سپریم کورٹ صدارتی ریفرنس پر رائے دینے کا پابند ہے، چیف جسٹس
اس سلسلے میں پیر کے روز کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں ریونیو شیئرنگ کی بنیاد پر پارکنگ کی سہولیات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے M/S AJCL کے ساتھ معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایک اہم سنگ میل عبور کیا اور 5 اکتوبر 2023 کو سی ڈی اے بورڈ کے 9ویں اجلاس میں اس فیصلے کی توثیق بھی کردی گئی ہے.تفصیلات کے مطابق اس معاہدے کے تحت اسلام آباد شہر کی تمام کار پارکنگز میں مرحلہ وار جدید ترین پارکنگ آلات کی تنصیب اور جدید ترین پارکنگ مینجمنٹ سسٹم متعارف کروایا جائے گا. اسی طرح اس منصوبے کی بدولت مرحلہ وار اسلام آباد کی تمام پارکنگ سائٹس پر خودکار اور سمارٹ پارکنگ سسٹم کا نفاذ بھی شامل ہے.
واضح رہے بڈنگ کے عمل میں آٹھ فرموں نے 30 نومبر 2023 کی آخری تاریخ تک تکنیکی اور مالیاتی تجاویز جمع کرائیں اور 9 جنوری، 2024 کو شفاف طریقے سے مالی بولیاں کھولی گئیں. جس میں M/S AJCL کو 75% ریونیو شیئر کے ساتھ کامیاب بولی دہندہ کے طور پر ظاہر کیا گیا. یعنی پارکنگ کی مد میں موصول ہونے والی آمدن کا 25% ریونیو M/S AJCL کو جبکہ 75% ریونیو سی ڈی اے کو ملے گا.جدید اور سمارٹ پارکنگ سسٹم سے نہ صرف اسلام آباد کے رہائشیوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل سے نجات ملے گی بلکہ اس احسن اقدام سے معیشت کو فروغ ملنے کے بھی قوی امکانات ہیں.