اہم خبریں

آزاد کشمیر میں شہریوں کیلئے طبی سہولیات، ہیلتھ پیکج آخری مراحل

اسلام آباد (رضوان عباسی) آزاد کشمیر حکومت کا عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کا عزم تاریخی ہیلتھ پیکج آخری مراحل میں ۔ حکومت آزاد کشمیر نے اس ضمن میں تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔ مجوزہ ہیلتھ پیکج کے تحت نئے طبی ادارے قائم کیے جائیں گے، موجودہ ہیلتھ فسیلٹیز کو اپ گریڈ کیا جائے گا، اور 1209 نئی اسامیاں تخلیق کی جائیں گی۔

اس منصوبے پر سالانہ 84 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے، جس کی مالیاتی منظوری بھی حاصل کر لی گئی ہے۔ہیلتھ پیکج میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کے لئے گریڈ 18 میں 65 نئی اسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔ مزید برآں، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور سینئر میڈیکل افسران کی آسامیاں بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ ہسپتالوں کی انتظامی اور طبی خدمات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ، گریڈ 17 میں 102 میڈیکل افسران اور 8 ڈینٹل سرجنز کی اسامیاں بھی شامل ہیں۔

عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فارماسسٹ، فزیو تھراپسٹ اور ڈرگ انسپیکٹرز کی اسامیاں بھی پیکج میں شامل کی گئی ہیں۔ ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے لئے آئی ٹی مینیجر کی اسامی بھی تخلیق کی گئی ہے۔ نرسنگ اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے نرس کی 31 نئی آسامیاں رکھی گئی ہیں۔علاوہ ازیں، آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 52 ہیلتھ فسیلٹیز کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا، جس سے صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے گی۔یہ ہیلتھ پیکج آزاد کشمیر میں صحت کے شعبے میں ترقی کی نئی راہیں ہموار کرے گا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔

مزید پڑھیں :نو مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات، فواد چوہدری ، علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت تمام ملزمان قصور وار قرار

متعلقہ خبریں