اہم خبریں

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ ، جدہ میں آج او آئی سی کا ہنگامی اجلاس

جدہ ( اے بی این نیوز   )سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کیخلاف اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس آج( اتوار) کو جدہ میں منعقد ہوگا۔اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس سعودی عرب نے طلب کیا ہے، اجلاس میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف متحدہ موقف کے اظہار کیلئے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔او آئی سی نے متعلقہ حکومتوں پر زور دیا ہے کہ قرآنِ کریم اور دیگر اسلامی اقدار، علامتوں اور مقدسات کی بے حرمتی جیسے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔تنظیم نے تمام ممالک پر عائد ذمہ داری کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت نسل، جنس، زبان یا مذہب کی تفریق کے بغیر انسانی اور بنیادی حقوق کا احترام اور ان کی پابندی کا فروغ تمام ریاستوں پر فرض ہے۔اسلامی تعاون تنظیم نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا کہ ذمہ داری کے ساتھ اور متعلقہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق آزادی اظہار کے حق کا استعمال کیا جائے۔تنظیم نے عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے مذاہب، ثقافتوں اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے، افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔سوئیڈن میں ہونے والے واقعے کے خلاف عالمِ اسلام سراپا احتجاج ہے اور دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ، پاکستان سمیت عراق، ایران، سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کا عمل دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے۔یورپی یونین نے بھی قرآن کریم کی بے حرمتی کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ جارحانہ، بے عزتی اور واضح طور پر اشتعال انگیزی پر مبنی ہے۔

متعلقہ خبریں