اہم خبریں

شام میں امریکی فضائی حملہ، امریکیوں کی ہلاکت میں ملوث القاعدہ کمانڈر مارا گیا

امریکہ(اے بی این نیوز)امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے شمال مغربی شام میں فضائی کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ سے وابستہ ایک اہم دہشتگرد رہنما کو ہلاک کر دیا ہے، جسے دسمبر میں 3 امریکیوں کی ہلاکت کے واقعے سے براہِ راست منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق جمعے کے روز ہونے والے فضائی حملے میں بلال حسن الجاسم مارا گیا، جو القاعدہ سے وابستہ تھا اور اس داعش اسنائپر سے براہِ راست رابطے میں تھا جس نے 13 دسمبر کو شام کے شہر پالمیرا کے قریب گھات لگا کر 2 امریکی فوجیوں اور ان کے مقامی مترجم کو قتل کر دیا تھا۔ اس کارروائی کی تصدیق امریکی سینٹرل کمانڈ نے ہفتے کو جاری بیان میں کی۔

سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کا کہنا تھا کہ 3 امریکیوں کی ہلاکت میں ملوث دہشتگرد کو نشانہ بنانا اس عزم کا ثبوت ہے کہ امریکی افواج پر حملہ کرنے والوں کا تعاقب ہر صورت کیا جائے گا۔ ان کے مطابق دہشتگردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں، چاہے وہ حملوں کی منصوبہ بندی کریں یا انہیں عملی جامہ پہنائیں۔

یہ حملہ آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک کے تحت کیا گیا، جو دسمبر کے حملے میں جان سے جانے والے امریکی فوجیوں کی یاد میں شروع کیا گیا تھا۔ ان فوجیوں میں آئیوا نیشنل گارڈ کے سارجنٹ ولیم نیتھنیل ہاورڈ اور سارجنٹ ایڈگر برائن ٹوریس ٹووَر شامل تھے، جبکہ اس حملے میں ان کے ساتھ موجود امریکی مترجم ایاد منصور ساکت بھی ہلاک ہوئے تھے۔ واقعے میں 3 دیگر امریکی فوجی اور کئی شامی اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔

امریکی حکام کے مطابق حالیہ فضائی کارروائی شمال مغربی شام کے ایک نامعلوم مقام پر کی گئی، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ حملے میں الجاسم کے علاوہ کوئی اور شخص بھی مارا گیا یا نہیں۔

سینٹ کام کا کہنا ہے کہ آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک کے آغاز کے بعد سے امریکی افواج اور ان کے اتحادیوں نے داعش کے بیس سے زائد جنگجوؤں کو ہلاک اور 3 سو سے زیادہ کو گرفتار کیا ہے، جبکہ داعش کے ایک سو سے زائد ٹھکانوں اور ہتھیاروں کے مراکز کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شام میں داعش اور القاعدہ سے وابستہ عناصر کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک امریکی مفادات اور اہلکاروں کو لاحق خطرات کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

مزید پڑھیں۔پنڈی: ہولی فیملی اسپتال میں سکیورٹی گارڈ کے مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق

متعلقہ خبریں