اسلام آباد (اے بی این نیوز) قطر نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ اس کے سیکیورٹی اور دفاعی تعلقات نہ صرف برقرار ہیں بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکے ہیں۔ دوحہ کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی ویب سائٹ “Axios” کی آج کی خبر حقیقت کے برعکس ہے اور اس کا مقصد قطر اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات کو نقصان پہنچانا ہے۔ قطری حکومت کے مطابق یہ دعویٰ کہ قطر اپنی سیکیورٹی شراکت داری پر نظرثانی کر رہا ہے، محض بے بنیاد اور مایوس کن پروپیگنڈا ہے۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد، جن میں دوحہ میں حماس کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا، قطر کے سیاسی حلقوں میں سخت غم و غصہ اور “خیانت کا احساس” پایا جاتا ہے۔ بعض ذرائع نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے وائٹ ہاؤس کے خصوصی ایلچی سے ملاقات کے دوران امریکہ کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات پر نظرثانی کی بات کہی تھی۔ تاہم قطر نے ان تمام دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ شراکت داری میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔
اس واقعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے براہِ راست رابطہ کر کے قطر پر دوبارہ حملے نہ کرنے کی ہدایت کی۔ ٹرمپ نے اسرائیلی اقدام کو “جلد بازی اور غیر دانشمندانہ” فیصلہ قرار دیا، تاہم نیتن یاہو نے کسی قسم کی معذرت یا لچک کا مظاہرہ نہیں کیا اور واضح اشارہ دیا کہ مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں ہو سکتی ہیں۔
قطر نے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف جنگ بندی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے بلکہ غزہ میں قیدیوں کی رہائی کے عمل کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ دوحہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ نیتن یاہو کو عالمی عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ انہیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ بنایا جا سکے۔
اس تناظر میں قطر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اتوار اور پیر کے روز ایک عرب و اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں اسرائیلی جارحیت پر مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اسرائیل کی جانب سے البتہ یہ پیغام دوبارہ دہرایا گیا ہے کہ وہ حماس کے رہنماؤں کو دنیا کے کسی بھی حصے میں نشانہ بناتا رہے گا، چاہے اس پر عالمی سطح پر کتنی ہی تنقید کیوں نہ ہو۔
مزید پڑھیں :ڈاکٹر یاسمین راشد کا چو نکا دینے والا قائداعظم کے نام خط