اہم خبریں

پاکستان کا خوف ،بھارت کی تمام ریاستوں میں مشقیں شروع کرنے کا حکم

نئی دہلی(اے بی این نیوز) بھارتی حکومت نے تمام ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ ’مؤثر شہری دفاع‘ کے لیے فرضی مشقیں شروع کریں، جن میں فضائی حملے کی وارننگ، سگنلز، کریش بلیک آؤٹ اقدامات، اہم تنصیبات کو چھپانے اور انخلا کے منصوبے شامل ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سیکریٹری دفاع راجیش کمار سنگھ سے ملاقات کی، جس کے بعد قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال نے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ نے ایک سینئر سرکاری عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ فرضی مشقیں 7 مئی سے ملک بھر میں شروع کی جائیں گی، اور ممکنہ طور پر 9 مئی تک جاری رہیں گی۔

عہدیدار نے ’دی ہندو‘ کو بتایا کہ وزارت داخلہ کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل، سول ڈیفنس سے وابستہ تقریباً 4 لاکھ رضاکاروں کو اس مشق میں شامل کیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع نے اخبار کو تصدیق کی کہ یہ حکم نامہ پہلگام حملے کے تناظر میں بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔

سول ڈیفنس ڈپارٹمنٹ 1962 میں چین کے ساتھ بھارت کی جنگ کے بعد قائم کیا گیا تھا۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ زلزلے اور عمارتوں کے گرنے جیسی آفات کے لیے باقاعدگی سے فرضی مشقیں کی جاتی ہیں، لیکن بیرونی خطرے کی صورت میں عوام کو خبردار کرنے کے لیے فضائی سائرن کا استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی سرحد سمیت ہر ریاست 7 مئی سے فرضی مشقیں کرے گی، مشقوں کی تفصیلات منگل کو شیئر کی جائیں گی، کچھ ریاستیں بہتر طور پر سامان سے لیس ہیں اور دیگر کے لیے ہم رہنما خطوط جاری کریں گے۔

عہدیدار نے وضاحت کی کہ اہم تنصیبات کو چھپانے کا مطلب پلانٹس اور اہم عمارتوں کے آس پاس کی تمام روشنیوں کو بند کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس شہری دفاع سے وابستہ 4 لاکھ سے زیادہ رضاکار ہیں، ہم مشق کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد کو متحرک کرنے کی کوشش کریں گے، ریاستی پولیس اپنے دائرہ اختیار میں رضاکاروں کو بھی متحرک کرے گی۔

اتوار کو بھارتی پولیس نے پاکستان کی سرحد سے متصل پنجاب کے ضلع فیروز پور میں 30 منٹ کی بلیک آؤٹ مشق کی تھی، فیروز پور کنٹونمنٹ بورڈ نے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی اور رہائشیوں کو آدھے گھنٹے کے لیے لائٹس بند کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

واٹس ایپ انتظامیہ کا آئندہ چند گھنٹوں میں 3 مشہور فونز پر کام کرنا بند کرنے کا فیصلہ

متعلقہ خبریں