لندن ( اے بی این نیوز ) برطانیہ نےپی آئی اے پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا،ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو برطانیہ میں دوبارہ پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی۔ عید الفطر کے بعد پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی خوشخبری آگئی۔
یورپ میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز پر سے پابندی ختم ہونے کے بعد پی آئی اے اب برطانیہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی مکمل تیاریاں کر رہی ہے۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ عید کے بعد پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازیں باقاعدگی سے شروع ہو جائیں گی۔
لندن میں صحافیوں اور ٹک ٹاکرز کے ساتھ افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پہلے مرحلے میں لندن اور مانچسٹر سے پاکستان کے لیے پروازیں جائیں گی، برمنگھم سے پی آئی اے کی پروازیں جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ جون 2020 میں، یورپ اور برطانیہ نے پی آئی اے کی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح ایک خصوصی تقریب میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے رواں سال پابندی اٹھائے جانے کے بعد قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز ساڑھے چار سال بعد 10 جنوری کو پیرس کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں :وائس چانسلر کی تعیناتی کا معاملہ، وفاقی وزیر صحت اور وزیر دفاع خواجہ آصف میں ٹھن گئی