اہم خبریں

کینیڈا، پاکستانی خاندان کو گاڑی تلے کچلنے والے ملزم نے معافی مانگ لی

ٹورنٹو(نیوزڈیسک)کینیڈا میں ایک پاکستانی خاندان کے چار افراد کو اپنی گاڑی کے نیچے کچلنے والے 23 سالہ ملزم نیتھینیل ویلٹمین نے پہلی بار واقعے پر معافی مانگی ہے جسے مقتولین کے ورثاء نے مسترد کر دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سپیریئر کورٹ میں استغاثہ اور دفاع کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزم کو بولنے کا موقع دیا گیا۔ ملزم نے کمرۂ عدالت میں کانپتی آواز کے ساتھ معافی نامہ پڑھا اور کہا کہ میں متاثرہ خاندان کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرنا چاہتا ہوں، میں اپنے کیے کی معافی مانگتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں واقعے کے بعد دِنوں، مہینوں اور سالوں کے دوران مکمل طور پر سمجھ نہیں پایا مگر میں نے اپنے عمل کی وجہ سے ہونے والے درد اور تکلیف کو محسوس کیا ہے۔ملزم نے کہا کہ میں اس درد اور تکلیف کا ازالہ نہیں کر سکتا، میں وقت کو واپس نہیں لا سکتا مگر میں خود کو بہتر کرنے کے لیے ہر موقع کا فائدہ اُٹھانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔سپیریئر کورٹ کی جانب سے ملزم کی سزا کا حتمی تعین 22 فروری کو متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں