اسلام آباد (نیوزڈیسک) توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے جیل ٹرائل کا فیصلہ کر لیا۔سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کیخلاف ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور وزارت قانون کی رائے کے بعد ٹرائل کا فیصلہ کیا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی اڈیالہ جیل میں ہوگی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت داخلہ کو 2 روز میں انتظامات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم 13 دسمبر کو عائد ہو گی، ملکی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن جیل میں ٹرائل کرے گا۔واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کیخلاف توہین آمیز گفتگو پر توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی چل رہی ہے۔
