اہم خبریں

مزدور بچے کو گاڑی سے کچلنے کا دلخراش واقعہ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کا نوٹس،سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

مزدور بچے کو گاڑی سے کچلنے کا دلخراش واقعہ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کا نوٹس،سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

ملتان ( اے بی این نیوز) ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، جبکہ پولیس نے مرکزی ملزم ٹھیکیدار توقیر نذیر کو گرفتار کرلیا ہے۔

مقتول وسیم عباس گزشتہ پانچ سال سے ملتان کے ایک نجی یتیم خانے میں مقیم تھا اور اس کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا۔ یتیم خانے کی انتظامیہ نے چند روز قبل اسے الیکٹرک وائرنگ کا ہنر سیکھنے کے لیے ٹھیکیدار توقیر نذیر کے پاس شاگرد کے طور پر بھیجا تھا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے کے روز کام کے معاملے پر وسیم عباس اور ٹھیکیدار کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد لڑکا کام چھوڑ کر وہاں سے چلا گیا۔

سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک لڑکے کو سڑک پر بھاگتے اور ایک گاڑی کو اس کے پیچھے آتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق گاڑی لڑکے سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں وہ ایک گھر کے گیٹ سے جا ٹکرایا اور سر پر شدید چوٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ ڈی ایچ اے میں درج کرکے مرکزی ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ گاڑی میں موجود اس کا مبینہ ساتھی امجد علی تاحال فرار ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بیان دیا کہ وہ لڑکے کو روکنے کے لیے گاڑی اس کے پیچھے لے کر جارہا تھا۔ پولیس نے لڑکے پر چوری یا کسی اور غلط کام کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔

ملزم پر عدالت میں تشدد، چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
پولیس جب ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے ملتان کچہری لے کر پہنچی تو وہاں موجود وکلا نے اس پر تشدد کیا۔ پولیس اہلکاروں نے مداخلت کرکے ملزم کو مشتعل افراد سے چھڑایا اور عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔

دوسری جانب مقتول وسیم عباس کو رنج و غم کے ماحول میں مظفرگڑھ کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ واقعے پر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے، جبکہ ملزم کو قانون کے مطابق سزا دینے اور مقتول کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

ملتان میں مزدور بچے کو گاڑی سے کچلنے کا مقدمہ ہائی پروفائل قرار، خصوصی ٹیم تشکیل
دوسری جانب ملتان میں 15 سالہ مزدور بچے کو گاڑی سے کچلنے کے مقدمے کو ہائی پروفائل قرار دے دیا گیا ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ نے نوٹس لیتے ہوئے مقدمے کی مؤثر پیروی کے لیے پراسیکیوٹرز کی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مقدمے کی پیروی ٹھوس قانونی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔

چوہدری عرفان صادق تارڑ کا کہنا تھا کہ محنت کش طبقے کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پراسیکیوشن حکام کو مقدمے کی پیش رفت پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ مزدور بچے کو انصاف دلانے کے لیے تمام قانونی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں‌:میر رضا کیس کی جوڈیشل کمیشن رپورٹ پر وکیل جبران ناصر کا اہم بیان سامنے آگیا

متعلقہ خبریں