لاہور (اے بی این نیوز) لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے محکمہ تحفظِ ماحول پنجاب نے اسکولوں میں طلبہ، والدین اور عملے کے لیے کارپولنگ کو فروغ دینے کی ہدایت کردی۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ایک ہی علاقے یا مشترکہ راستوں سے آنے والے طلبہ، والدین اور اسکول عملے کے لیے باہمی رضامندی سے مشترکہ گاڑیوں کا انتظام کیا جائے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق صبح کے اوقات میں اسکولوں کے اطراف گاڑیوں کی آمدورفت، ٹریفک کا دباؤ اور گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ کارپولنگ کے ذریعے اسکولوں کے اطراف گاڑیوں کی تعداد اور غیر ضروری سفر کم کیا جاسکتا ہے۔
ڈی جی ماحولیات کے مطابق لاہور میں گاڑیوں کا غیر ضروری اور انفرادی استعمال فضائی آلودگی کا ایک اہم سبب ہے، اس لیے اسموگ کے تدارک کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
محکمہ ماحولیات نے اسکولوں کو مشورہ دیا ہے کہ مشترکہ سفری انتظامات کو باقاعدہ بنایا جائے تاکہ ایک ہی علاقے یا راستے سے آنے والے طلبہ اور عملے کے لیے کم سے کم گاڑیوں میں سفر ممکن بنایا جاسکے۔
رپورٹس کے مطابق کارپولنگ کے انتظامات کا مقصد طلبہ اور والدین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنا نہیں بلکہ اسکولوں کے اوقات میں ٹریفک اور گاڑیوں کے دھویں میں کمی لانا ہے۔
مزید پڑھیں:بھارتی ویمن ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کا بڑا فیصلہ، شائقین کے لیے اہم خبر















