نئی دہلی (اے بی این نیوز) بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے تمام فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔
ہرمن پریت کور نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، کیونکہ اس سے کئی سال کی یادیں، جذبات اور قربانیاں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپتانی کا سفر ختم ہوا ہے، تاہم بطور کھلاڑی ان کا کرکٹ کا سفر جاری رہے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہرمن پریت کور کا یہ فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی گوہاٹی میں ہونے والی جائزہ میٹنگ کے بعد سامنے آیا۔ اجلاس میں بورڈ کے حکام، ہرمن پریت کور، نائب کپتان سمرتی مندھانا اور ہیڈ کوچ امول مزومدار شریک ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق سمرتی مندھانا کو بھارتی ویمن ٹیم کی نئی کپتان بنائے جانے کا امکان ہے، تاہم حتمی اعلان بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا جائے گا۔
ہرمن پریت کور نے 2016 میں بھارتی ٹی20 ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی جبکہ 2022 میں انہیں ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی سونپ دی گئی۔ ان کی قیادت میں بھارت نے 2025 میں پہلی مرتبہ ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
کپتانی سے مستعفی ہونے کے باوجود 37 سالہ ہرمن پریت کور بھارتی ٹیم کی جانب سے بطور کھلاڑی کھیلتی رہیں گی۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا کا مستقبل، وزیراعظم کی صدر مملکت سے اہم مشاورت آج متوقع















