اسلام آباد ( اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے لیے اہم اطلاع ہے کہ پیر کے روز مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں کے لیے بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔
آئیسکو نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے باعث مخصوص فیڈرز پر بجلی کی عارضی بندش کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کے باعث بجلی کی فراہمی چند گھنٹوں کے لیے معطل رہے گی۔
آئیسکو کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے جن علاقوں کو بجلی فراہم کرنے والی ترسیلی لائنیں تعمیر و مرمت کے کام کے لیے بند کی جائیں گی، وہاں صبح 7 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بجلی کی فراہمی معطل رہے گی، جبکہ بعض علاقوں میں صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک بجلی بند رہے گی۔
آئیسکو انتظامیہ نے کہا ہے کہ ترقیاتی اور تعمیر و مرمت کے کام مکمل ہونے کے بعد بجلی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔ کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہونے کی صورت میں بجلی کی فراہمی بھی شیڈول سے پہلے بحال ہوسکتی ہے۔
آئیسکو نے بجلی کی عارضی بندش کے باعث صارفین کو ہونے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مزیدپڑھیں:مذاکرات میں ڈیڈلاک، سہیل آفریدی کی قیادت میں لانگ مارچ شروع















