لکی مروت ( اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ لکی مروت سے شروع ہوگیا۔
اسلام آباد کی جانب جانے والے لانگ مارچ کی قیادت کے لیے جنید اکبر اور دیگر رہنما بھی سہیل آفریدی کے ہمراہ موجود ہیں۔
گنڈی چوک لکی مروت سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ 8 اکتوبر کو خیرآباد پہنچ کر آگے کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ تازہ شیڈول کے مطابق قافلہ مختلف اضلاع سے ہوتا ہوا خیرآباد پہنچے گا، جہاں اگلے مرحلے کا اعلان کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں خیبرپختونخوا میں امن تھا، جبکہ ان کے بقول موجودہ صوبائی بے امنی بعض پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جو پالیسی وہ پیش کر رہے ہیں، اس پر عملدرآمد سے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں 100 دن میں امن قائم ہوسکتا ہے۔ سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکام کی جانب سے صوبے میں امن بحال کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ 4 اکتوبر کو گنڈی چوک لکی مروت سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں مختلف اضلاع کے قافلے شامل ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:پی سی بی کا بڑا فیصلہ، سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر سے معاملات طے















