راولپنڈی (اے بی این نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان لبنان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے سکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق لبنانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم ڈویژن میں بڑا انکشاف، نجی آئل کمپنیوں کے مالی مفادات کا تحفظ بے نقاب















