اہم خبریں

میر رضا کیس میں بڑا انکشاف، بائنانس اکاؤنٹ کی کروڑوں روپے کی ٹریڈنگ کا ڈیٹا حاصل

میر رضا کیس میں بڑا انکشاف، بائنانس اکاؤنٹ کی کروڑوں روپے کی ٹریڈنگ کا ڈیٹا حاصل

کراچی (محمد اسد) میر رضا کیس میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے میر رضا کا بائنانس اور کرپٹو ڈیٹا حاصل کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کے گزشتہ چھ ماہ کا بائنانس اور کرپٹو ڈیٹا حاصل کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جس پر کئی صفحات پر مشتمل ڈیٹا تحقیقاتی کمیٹی کو فراہم کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حاصل کردہ ڈیٹا جوڈیشل کمیشن کو بھی کال ڈیٹا ریکارڈ کی طرز پر جمع کروا دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے این سی سی آئی اے سے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے درخواست کی ہے کہ بائنانس کے تکنیکی ڈیٹا کو سادہ الفاظ میں سمجھنے کے قابل شکل میں پیش کیا جائے، کیونکہ پولیس کے لیے بائنانس کے تکنیکی ڈیٹا کا تجزیہ کرنا آسان نہیں۔

حاصل کردہ ڈیٹا کے تجزیے سے گزشتہ چھ ماہ کے دوران روزانہ ہونے والی ٹرانزیکشنز کی تعداد اور دیگر مالی تفصیلات سامنے آسکیں گی۔

ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے میں کوڈنگ اور تکنیکی امور کے ماہرین موجود ہیں، جبکہ بیرون ملک سے موصول ہونے والے ڈیٹا کا تجزیہ این سی سی آئی اے کی جانب سے کیا جاتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر کل تک ڈیٹا کا تجزیہ مکمل کرکے پولیس کو فراہم کردیا جائے گا۔ حاصل کردہ ڈیٹا کی سافٹ کاپی بھی متعلقہ حکام کو فراہم کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق میر رضا کے بائنانس اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی ٹریڈنگ سے متعلق تفصیلات بھی ڈیٹا میں شامل ہیں، تاہم ان مالی معاملات کی مزید تفصیلات ڈیٹا کے تجزیے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں‌:اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بری خبر، ٹریفک پولیس کی نئی ہدایات سامنے آگئیں

متعلقہ خبریں