اہم خبریں

اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بری خبر، ٹریفک پولیس کی نئی ہدایات سامنے آگئیں

اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بری خبر، ٹریفک پولیس کی نئی ہدایات سامنے آگئیں

اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر ریونیو بڑھانے کے لیے ٹریفک وارڈنز کو روزانہ کی بنیاد پر چالان اور مقدمات درج کرنے کے اہداف دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہر ٹریفک وارڈن کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روزانہ 50 چالان اور 2 ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس حساب سے روزانہ تقریباً 3500 چالان اور 100 سے زائد ایف آئی آر درج ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وارڈنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جب تک روزانہ کے 50 چالان مکمل نہ ہوں، ان کی ڈیوٹی ختم نہیں ہوگی۔


دوسری جانب ٹریفک وارڈنز نے بائیکیا اور موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کارروائیاں اور چالان شروع کر دیے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا ای سیون اور ایف ایٹ سمیت پوش علاقوں میں بڑی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف بھی اسی طرح چالان اور ایف آئی آرز درج کی جائیں گی؟

ذرائع کے مطابق بعض ٹریفک وارڈنز کا مؤقف ہے کہ بڑی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنے پر بعض اوقات کارروائی الٹا وارڈنز کے خلاف ہی ہو جاتی ہے، جس کے باعث موٹرسائیکل سواروں، بائیکیا اور دیگر سواروں کے خلاف کارروائی زیادہ نظر آتی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس اسی روز جاری کرنے کے لیے اضافی 2 ہزار روپے فیس لیے جانے کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام واضح کریں کہ یہ اضافی رقم کہاں خرچ کی جا رہی ہے اور اس کی وصولی کا طریقہ کار کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے، تاہم قانون کا اطلاق تمام شہریوں پر یکساں ہونا چاہیے اور چالان یا ایف آئی آرز کے لیے مقررہ اہداف کے بجائے قانون کی خلاف ورزی کو بنیاد بنایا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں‌:مستونگ میں دہشت گردی، پولیس اہلکار شہید، وزیراعلیٰ بلوچستان کی شدید مذمت

متعلقہ خبریں