اہم خبریں

نئے سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی کے لیے مشاورت جاری، عاصم افتخار کا نام نمایاں

اسلام آباد (رضوان عباسی ) وزارت خارجہ کے نئے سیکرٹری کی تعیناتی کے حوالے سے حکومتی سطح پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ وزارت خارجہ کے سینئر سفارتکاروں میں سے موزوں امیدوار کے انتخاب کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا نام اس عہدے کے لیے زیر غور اہم امیدواروں میں نمایاں ہے۔

موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ 18 ستمبر کو متوقع ہے، جس کے پیش نظر نئے سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے نئے سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق عاصم افتخار کا نام ممکنہ امیدواروں میں نمایاں ہونے کی ایک وجہ ان کا وسیع سفارتی تجربہ اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی سفارتکاری کے امور میں مہارت ہے۔ وہ اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔
سیکرٹری خارجہ کے عہدے کے لیے دیگر سینئر سفارتکاروں کے نام بھی زیر غور ہیں، جن میں بیلجیم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی، امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی شامل ہیں۔ ملائیشیا میں پاکستان کے سفیر سید احسن رضا شاہ سمیت دیگر سینئر افسران کے نام بھی مشاورت کے عمل کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ تاہم ریٹائرمنٹ کے بعد سفارتی ذمہ داری سونپے جانے کے امکانات بھی زیر بحث ہیں۔سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی ایک اہم انتظامی اور سفارتی فیصلہ ہے، جس کے لیے سینیارٹی، تجربے، پیشہ ورانہ اہلیت اور دیگر متعلقہ امور کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے متوقع ہے۔نئے سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی کے حوالے سے آئندہ چند روز میں صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں۔ایران سے جنگ جیتنے کے بعد پٹرول سستا ہوجائے گا، ٹرمپ

متعلقہ خبریں