اہم خبریں

پاکستان میں گوگل کا دفتر کھل گیا، طلبہ کے لیے بڑے اعلانات

اسلام آباد: پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی، جہاں پاکستان میں گوگل کا دفتر باضابطہ طور پر کھول دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستانی بچوں، طلبہ اور ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد کے لیے کئی اہم اقدامات کا اعلان بھی کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں امریکی ناظم الامور سمیت مختلف حکام اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی، تجارت، توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق مختلف اقدامات پر بات چیت ہوئی۔

گوگل نے پاکستانی بچوں کے لیے اردو زبان میں آن لائن سیفٹی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد بچوں کو انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کرنا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستانی طلبہ کے لیے بھی اہم سہولت کا اعلان کیا گیا ہے۔ طلبہ کو ایک سال کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز تک مفت رسائی فراہم کی جائے گی، جس سے انہیں تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں مدد مل سکتی ہے۔

تقریب میں اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسیلنس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت ڈیڑھ لاکھ افراد کو کیریئر سے متعلق تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان اور گوگل کے درمیان مشترکہ ماہرین پر مشتمل ٹاسک فورس قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، جو ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کے لیے کام کرے گی۔

تقریب کے موقع پر امریکی کمپنی بیکر ہیوز اور او جی ڈی سی ایل کے درمیان بھی ایک معاہدہ ہوا۔ معاہدے کے تحت پاکستان کی 18 آئل اینڈ گیس فیلڈز کی بحالی کے لیے جدید امریکی ٹیکنالوجی اور مہارت فراہم کی جائے گی۔

دوسری جانب امریکی سفارتخانے کی ’’فریڈم 250 اسپیکر سیریز‘‘ میں کاروباری شخصیات نے شرکت کی، جبکہ امریکی قونصل جنرل گڈمین نے فاؤنڈرز میوزیم میں ’’روڈ ٹو لبرٹی‘‘ نمائش کا افتتاح کیا۔

یہ نمائش پاکستانی نوجوانوں اور اساتذہ کو امریکی تاریخ اور بانی شخصیات سے آگاہ کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے، جبکہ ایجوکیشن یو ایس اے کے تحت امریکی جامعات کے ورچوئل ریئلٹی ٹورز بھی اس کا حصہ ہیں۔

یوں پاکستان میں گوگل کا دفتر کھلنے کے ساتھ تعلیم، اے آئی، ڈیجیٹل تربیت اور بچوں کی آن لائن حفاظت کے حوالے سے متعدد نئے منصوبوں کا آغاز بھی سامنے آیا ہے۔

متعلقہ خبریں