اہم خبریں

سی ایس ایس امتحان کیلئے عمر کی حد کتنی ہوگی؟ امیدواروں کے لیے اہم فیصلہ

اسلام آباد: سول سروس آف پاکستان میں شمولیت کے خواہشمند امیدواروں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، سی ایس ایس امتحان عمر کی حد 30 سال برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیدواروں کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 30 سے بڑھا کر 35 سال کرنے کی سفارش مسترد کردی گئی ہے۔ اسی طرح سی ایس ایس امتحان میں شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر پانچ کرنے کی تجویز بھی منظور نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے سی ایس ایس امیدواروں کی عمر کی بالائی حد میں پانچ سال اضافے کی سفارش کی تھی۔ دوسری جانب قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے امتحان میں شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر پانچ کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پارلیمانی کمیٹی کو اپنے تحریری مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ عمر کی حد اور امتحان میں شرکت کے مواقع سے متعلق موجودہ پالیسی برقرار رہے گی۔ ڈویژن کے مطابق اس نوعیت کی پالیسی میں تبدیلی وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، جبکہ وفاقی پبلک سروس کمیشن منظور شدہ حکومتی پالیسی کے مطابق امتحان کا انعقاد کرتا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق ایف پی ایس سی کے 174ویں اجلاس میں بھی موجودہ پالیسی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

حکام نے عمر کی حد بڑھانے کی مخالفت میں مؤقف اختیار کیا کہ اس اقدام سے سی ایس ایس امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے امتحانات کے انعقاد اور جوابی کاپیوں کی جانچ کا عمل مزید مشکل اور بوجھل ہوجائے گا۔

اسی طرح امتحان میں زیادہ مواقع دینے سے امیدوار طویل عرصے تک بار بار امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کے کئی پیداواری سال صرف ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ زیادہ عمر میں سول سروس میں آنے والے افسران کے لیے مؤثر مدت ملازمت بھی نسبتاً کم رہ سکتی ہے۔

حکام کے مطابق عمر کی حد میں اضافے کا ایک اور ممکنہ اثر یہ ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں اعلیٰ انتظامی عہدوں کے لیے تجربہ کار افسران کی طویل المدتی دستیابی متاثر ہو۔

یوں سی ایس ایس امتحان عمر کی حد سے متعلق موجودہ پالیسی فی الحال تبدیل نہیں ہوگی اور امیدواروں کے لیے بالائی عمر کی حد 30 سال ہی رہے گی۔

متعلقہ خبریں