اہم خبریں

مہنگائی میں پھر اضافہ، پیاز اور پیٹرول سمیت متعدد اشیاء مہنگی

اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء مزید مہنگی ہوگئی ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 8.35 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے سب سے نمایاں اضافہ پیاز کی قیمت میں ہوا، جس کی قیمت 26.30 فیصد بڑھ گئی۔ اسی طرح ٹماٹر 2.55 فیصد جبکہ آلو کی قیمت میں 0.96 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول 0.90 فیصد اور ڈیزل 0.09 فیصد مہنگا ہوا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ بعض دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اثر پڑا، جن میں آٹا، چکن اور دال ماش شامل ہیں۔

دوسری جانب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ کیلے کی قیمت 2.54 فیصد اور دال مونگ کی قیمت 0.69 فیصد کم ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق چینی، انڈے، دال چنا اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ یوں کچھ اشیاء سستی ہونے کے باوجود مجموعی طور پر ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، جس کا براہ راست اثر صارفین کے روزمرہ بجٹ پر پڑ رہا ہے۔

متعلقہ خبریں