اہم خبریں

نئے صوبوں سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے خاموشی توڑ دی، بڑا بیان سامنے آگیا

نئے صوبوں سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے خاموشی توڑ دی، بڑا بیان سامنے آگیا

لاڑکانہ (اے بی این نیوز) سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کردیا۔

لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نئے صوبوں اور صوبوں کی تقسیم کا سوال پہلے بھی اٹھتا رہا ہے، لیکن پاکستان میں اس وقت نہ ماحول ہے اور نہ ہی اس حوالے سے تیاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ماحول اور تیاری نہ ہو تو صوبوں کی تقسیم سے تباہی ہوتی ہے، اس لیے اس معاملے کو انتہائی احتیاط اور سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبوں کو ملنے والے وسائل بھی ہضم نہیں ہو رہے، جبکہ غیر سیاسی لوگوں سے ایسی باتیں کہلوائی جا رہی ہیں جن کی کوئی حیثیت نہیں۔

پیپلز پارٹی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں پیپلز پارٹی کے خلاف سب سے بڑی تحریک چلائی، جبکہ ایم آر ڈی میں دونوں جماعتیں ایک ساتھ بھی رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی آخری حد نہیں ہوتی۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ وہ 2018 اور 2024 کے انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے اور انتخابات میں کسی بھی ادارے کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں نے اقتدار بچانے کے لیے حالات سے سمجھوتے کیے، تاہم اگر سیاستدان ڈٹ جائیں اور مداخلت روکیں تو وہ زیادہ طاقتور ہوسکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ انہوں نے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ملک میں بدامنی نے عوام کی زندگی مفلوج کردی ہے اور اس صورتحال کا خاتمہ ضروری ہے۔
مزیدپڑھیں:فٹبال شائقین کے لیے بڑی خبر، لیونل میسی نے اہم فیصلہ کرلیا

متعلقہ خبریں