اہم خبریں

پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کے آٹھویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشیں 29 اگست سے 5 ستمبر تک مختلف اضلاع میں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری پیشگوئی کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے۔ اسی دوران گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بھی بارشیں ہوسکتی ہیں۔

محکمے کے مطابق یکم سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ شہریوں کو موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خاص طور پر مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے سے خبردار کیا ہے۔ بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں اچانک طغیانی یا فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان سمیت مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ یکم سے 4 ستمبر کے دوران کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں