لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو 24 اگست تک بند رکھنے کی ہدایت کر دی ہے جب کہ مقررہ تاریخ سے پہلے تعلیمی ادارے کھولنے والی انتظامیہ کو سخت کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ کوئی بھی سرکاری یا نجی سکول 24 اگست سے پہلے معمول کی تدریسی سرگرمیاں شروع نہیں کر سکتا، انہوں نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے اور طلباء کو گرمیوں کی چھٹیوں کا پورا دورانیہ دیا جائے۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق پنجاب حکومت نے موسم گرما کی تعطیلات میں ایک ماہ تدارک کے لیے تعلیمی کیمپوں کے لیے مختص کیا تھا، جس کا مقصد طلبہ کے تعلیمی نقصانات کا ازالہ، ان کی بنیادی تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور نئے تعلیمی سیشن سے قبل ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
رانا سکندر حیات نے سکول مالکان اور انتظامیہ سے حکومتی پالیسی پر مکمل تعاون کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا کہ 24 اگست سے پہلے سکول کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکومت نے والدین اور طلباء کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے سے متعلق معلومات کے لیے صرف پنجاب حکومت کے جاری کردہ سرکاری شیڈول پر انحصار کریں۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی چیئرمین کی والدہ انتقال کرگئیں، رہنما و کارکنان سوگوار















