کراچی (اے بی این نیوز) پاکستان کے معروف اداکار اور موسیقار خالد نظامی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں گہرے دکھ کی لہر دوڑ گئی۔
اہل خانہ کے مطابق خالد نظامی کافی عرصے سے علیل تھے اور کراچی میں زیرِ علاج تھے۔ ان کی نمازجنازہ کل بعد نمازِ ظہر عثمانیہ مسجد، بفر زون 15 بی، کراچی وسطی میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین بھی اسی روز کی جائے گی۔
خالد نظامی 1947 میں شمالی بھارت کے شہر مسوری، ضلع دہرادون (ریاست اتراکھنڈ) میں پیدا ہوئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد ان کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا، جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی گرامر اسکول سے حاصل کی، جبکہ بعد ازاں اسلامیہ کالج کراچی سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ 1972 میں نشر ہونے والا انکل عرفی، 1974 کا شہزوری اور 1982 کا شہرۂ آفاق ڈرامہ ان کہی ان کے کیریئر کے نمایاں سنگِ میل ثابت ہوئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین کے ڈرامے عید کا جوڑا سمیت کئی کامیاب ڈراموں میں بھی یادگار کردار ادا کیے۔
فلمی دنیا میں بھی خالد نظامی نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے حقیقت (1974)، پہچان (1975) اور پنجابی فلم اج دیاں کڑیاں(1977) سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
خالد نظامی نہ صرف ایک باصلاحیت اداکار بلکہ ایک عمدہ موسیقار بھی تھے۔ ان کی فنی خدمات کو پاکستان کی ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے انتقال پر شوبز شخصیات، فنکاروں اور مداحوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر کے تمام 13 حلقوں کے نتائج جاری کر دیے















