اہم خبریں

مون سون بارشیں جاری، مختلف شہروں میں موسم خوشگوار، نشیبی علاقے زیر آب

لاہور: ملک بھر میں مون سون بارشیں بدستور جاری ہیں، جس کے باعث پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور شدید گرمی و حبس کی شدت میں واضح کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی متعدد شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شیخوپورہ، مریدکے، کاہنہ اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی مون سون بارشیں شہریوں کے لیے راحت کا باعث بنیں، تاہم بعض علاقوں میں بارش کے بعد شہری مشکلات سے بھی دوچار ہوئے۔ گجرات میں پہلی مون سون بارش کے بعد کئی شاہراہوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے آمدورفت متاثر ہوئی۔

گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں، جن میں سیٹلائٹ ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، پیپلز کالونی، حافظ آباد روڈ اور چندہ قلعہ شامل ہیں، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ڈیرہ غازی خان میں بھی موسلا دھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

دوسری جانب پشاور میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ یونیورسٹی روڈ انڈر پاس میں پانی بھرنے سے بی آر ٹی بس سروس کچھ وقت کے لیے متاثر ہوئی، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ادھر صوابی میں بھی رات سے جاری وقفے وقفے کی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، جبکہ گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آنے پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں