ویب ڈیسک: پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ایک اہم صحت منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے غیر ملکی اور پاکستانی نژاد ماہر ڈاکٹر پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت طبی خدمات فراہم کریں گے۔
اس پروگرام کا مقصد عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا اور سرکاری ہسپتالوں میں علاج کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ منصوبے کے تحت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار اسپیشلسٹ ڈاکٹر اور سرجن پنجاب آ کر مریضوں کا مفت علاج کریں گے۔
پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کے تحت صرف مریضوں کو علاج کی سہولت ہی نہیں ملے گی بلکہ غیر ملکی ڈاکٹرز مقامی ڈاکٹروں، سرجنز اور طبی عملے کو جدید طبی مہارتوں اور نئی ٹیکنالوجی سے بھی آگاہ کریں گے۔ اس اقدام سے سرکاری ہسپتالوں میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام کو بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری علاج میسر آ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ماہر ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہیلتھ کنیکٹ پروگرام ایک مؤثر قدم ثابت ہوگا۔ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف مریضوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ مقامی طبی ماہرین بھی عالمی معیار کی تربیت حاصل کر سکیں گے۔
صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج اور طبی تعلیم دونوں کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جس کے مثبت اثرات مستقبل میں مریضوں اور طبی نظام پر مرتب ہوں گے۔















