نئی دہلی (اے بی این نیوز) جنوبی افریقہ، آئرلینڈ اور پھر انگلینڈ کے خلاف مسلسل شکستوں کے بعد ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بھارتی ٹیم میں ہلچل مچ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں ہلچل کا امکان ہے اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف کے ایک اہم رکن کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ لگاتار شکستوں کے بعد بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول کشیدہ ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ واش کے بعد ڈریسنگ روم میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، ڈریسنگ روم کا ماحول گزشتہ کئی ماہ سے اچھا نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف کے ایک اہم رکن کی آئی پی ایل ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے، سپورٹ اسٹاف کے ایک اور رکن کے بھی جانے کا امکان ہے۔
سلیکٹرز اور کوچنگ سٹاف کے درمیان اختلافات نے معاملات کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد بھارتی بورڈ ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد کرے گا جس میں بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائکا نے ٹیم کی ناکامیوں پر بورڈ کا جائزہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔ جائزہ اجلاس میں بھارتی ٹیم کی ناکامیوں کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کے بعد بھارت کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بھی آئرلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کیا گیا تھا اور اب بھارت انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں تین صفر کے خسارے کے ساتھ سیریز ہار گیا ہے۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر،رنگ روڈ منصوبے میں مبینہ تبدیلی کی تحقیقات شروع















