لاہور(اے بی این نیوز)لاہور میں میٹرو بس سروس استعمال کرنے والی خواتین کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ نے اہم اقدام کرتے ہوئے خواتین کے لیے خصوصی بسیں آپریشنل کر دی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کےمطابق میٹرو بس سروس میں خواتین کے لیے پانچ خصوصی بسیں مختص کی گئی ہیں،پانچ سپیڈو بسوں کو عارضی طور پر میٹرو ٹریک پرخواتین کی سفری سہولت کے لیے آپریشنل کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیرٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا ہےکہ خواتین کو رش کے دوران ہراسگی سے بچانے اور انہیں محفوظ سفر فراہم کرنے کے لیے اضافی بسیں شامل کی گئی ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے سپیڈو بسوں کو میٹرو فلیٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
بلال اکبر خان نے مزید بتایا کہ جلد ہی سپیڈو بسوں کی جگہ نئی میٹرو بسیں خرید کر خواتین کے لیےمستقل طور پر مختص کی جائیں گی،خواتین کا محفوظ سفر وزیراعلیٰ پنجاب کا اولین ایجنڈا ہے اور اس مقصد کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: امریکہ ایران بڑھتی کشیدگی، عالمی منڈی تیل کی قیمتوں میں اضافہ















