اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں بارش کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کل سے ایک فعال موسمی نظام شمالی پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ جس کے باعث کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش کا امکان ہے۔
7 سے 10 جولائی تک دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔جبکہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ 7 جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار، آزاد کشمیر میں بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی آمد میں معمولی اضافے کا امکان ہے۔ اور دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافے کا بھی امکان ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریا کے سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
پہاڑی ندی نالوں اور بارش کی چھوٹی ندیوں میں مقامی سطح پر پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ متوقع ہے۔ حساس بالائی علاقوں اور پہاڑی ندی نالوں میں مقامی سیلاب کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں سیلاب اور نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔ جب کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:سوریا ونشی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا















