اسلام آباد (رضوان عباسی ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات 2026 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مقررہ مدت ختم ہوگئی ہے۔
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق آزاد کشمیر اور مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے حلقوں سے مجموعی طور پر 1265 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جس کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 45 انتخابی حلقوں کے لیے امیدواروں نے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں سے مجموعی طور پر 218 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق میرپور ڈویژن سے 409، پونچھ ڈویژن سے 344 جبکہ مظفرآباد ڈویژن سے 294 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 23 جون آخری تاریخ مقرر تھی اور مقررہ وقت کے اختتام پر کاغذات وصول کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
دوسری جانب سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے اعلان کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اب تک 45 میں سے 40 انتخابی حلقوں کے لیے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے ہیں، جبکہ 5 حلقوں میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان تاحال باقی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس، جمعیت اہلحدیث آزاد جموں و کشمیر اور بعض دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی امیدواروں کے چناؤ اور پارٹی ٹکٹوں کے اجراء کا عمل جاری ہے، تاہم متعدد حلقوں میں امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان ابھی ہونا باقی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مرحلے کی تکمیل کے بعد انتخابی مہم مزید شدت اختیار کرے گی، جبکہ مختلف جماعتوں کے ٹکٹوں کی تقسیم اور ممکنہ انتخابی اتحادوں پر بھی سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچنے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق اب کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال، اپیلوں اور امیدواروں کی حتمی فہرستوں کے مراحل مکمل کیے جائیں گے، جس کے بعد آزاد کشمیر میں انتخابی مہم باضابطہ طور پر اپنے عروج میں داخل ہو جائے گی۔
مزید پڑھیں:ملازمین کیلئے اہم خبر، تنخواہ پر نئے ٹیکس کی تفصیلات سامنے آگئیں















