اسلام آباد (اے بی این نیوز) حکومت نے محکمہ خزانہ کے بجٹ ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ کی تیاری اور مالیاتی امور میں مصروف محکمہ خزانہ کے ملازمین کو ریلیف دینے کے لیے خصوصی سمری تیار کر لی گئی ہے جس میں ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور بونس دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ سیکرٹری خزانہ کی جانب سے یہ سمری متعلقہ حکام کو بھیج دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قدم ان ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں اٹھایا جا رہا ہے جو بجٹ کی تیاری اور مالیاتی پالیسیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومتی سطح پر اس فیصلے کو ملازمین کی کارکردگی کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
فیصلے کی خبر سامنے آتے ہی محکمہ خزانہ کے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ملازمین نے اس اقدام کو اہم مالی ریلیف قرار دیتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بونس سے نہ صرف معاشی دباؤ کم ہوگا بلکہ کام کرنے کی رفتار اور جذبے میں بھی اضافہ ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق سمری کو حتمی منظوری کے لیے متعلقہ فورم میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اس پر باقاعدہ عمل درآمد کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ منظور ہونے کی صورت میں بجٹ ملازمین کو رواں مالی سال میں بونس کے طور پر اضافی تنخواہ دی جائے گی۔
مزید پڑھیں:محرم الحرام کے حوالے سےمحسن نقوی کا بڑا اقدام، جانیے اہم تفصیلات















