حافظ آباد(اے بی این نیوز)حافظ آباد میں ایک غیر معمولی واقعہ سیاسی اور انتظامی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گیا۔ ذرائع کے مطابق چند روز قبل مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شاہد حسین بھٹی اپنے بیٹے حیدر بھٹی اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ڈی پی او آفس حافظ آباد میں موجود تھے۔ اس دوران ڈی پی او کامران حامد دفتر میں موجود نہیں تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ ایم پی اے کے بیٹے حیدر بھٹی نے ڈی پی او کے ذاتی کمرے میں موجود واش روم استعمال کیا۔ واش روم سے باہر آنے پر ان کا سامنا ڈی پی او کامران حامد سے ہوا، جہاں دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور مبینہ طور پر حیدر بھٹی کو گیٹ لوسٹ کہا گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد سیاسی رابطوں اور جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں گزشتہ روز ڈی پی او حافظ آباد کامران حامد کا تبادلہ کر کے انہیں پنجاب سیف سٹی میں تعینات کر دیا گیا۔
واش روم کا استعمال/ Get Lost/ ڈی پی او تبدیل
حافظ آباد میں پیش آیا انوکھا واقعہ، چند روز قبل لیگی رکن پنجاب اسمبلی شاہد حسین بھٹی اپنے بیٹے حیدر بھٹی اور دیگر لوگوں کے ہمراہ ڈی پی او آفس حافظ آباد میں موجود تھے، ڈی پی او کامران حامد اس وقت آفس نہیں تھے اس دوران ایم پی اے کے بیٹے… pic.twitter.com/qyTZqHrPBz
— Muhammad Umair (@MohUmair87) June 13, 2026
ڈی پی او کے تبادلے کے بعد حیدر بھٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا: “Now You Get Lost” ، جسے سوشل میڈیا صارفین واقعے سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔
دوسری جانب اس معاملے کے حوالے سے سابق رکن اسمبلی مامون جعفر تارڑ کی ایک آڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں مبینہ طور پر واش روم استعمال کرنے کے واقعے کا ذکر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پی او کی منتقلی میں حافظ آباد کے ایک بااثر سیاسی خاندان نے اہم کردار ادا کیا، تاہم سرکاری سطح پر تبادلے کی وجوہات کے بارے میں کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
مزید پڑھیں: ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور الائونسز کیلئے اضافی فنڈز مختص















