اہم خبریں

ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور الائونسز کیلئے اضافی فنڈز مختص

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں ریلوے ڈویژن کے لیے 70 ارب 47 کروڑ 81 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 2 کروڑ 3لاکھ 19 ہزار روپے زیادہ ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال 2025-26 میں ریلوے ڈویژن کے لیے 70 ارب 45 کروڑ 78لاکھ 32ہزار روپے مختص کیے گئے تھے۔

آئندہ مالی سال کے لیے ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 13 کروڑ 83 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ملازمین کے مختلف الاؤنسز کے لیے 23 کروڑ 29 لاکھ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق ریلوے کے آپریٹنگ اخراجات کے لیے 6 کروڑ 85 لاکھ روپے جبکہ ریلوے ملازمین کے ریٹائرمنٹ بینیفٹس کی ادائیگی کے لیے 11 کروڑ 4 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح ریلوے کو دی جانے والی گرانٹس، سبسڈیز اور قرضوں کی مد میں 70 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے جو مجموعی بجٹ کا سب سے بڑا حصہ ہے۔

دستاویزات کے مطابق ریلوے کے فزیکل اثاثوں کے لیے 5 لاکھ 8 ہزار روپے جبکہ مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات کے لیے ایک کروڑ 79 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ریلوے افسران کی تنخواہوں کے لیے 8 کروڑ 80 لاکھ روپے اور دیگر عملے کی تنخواہوں کے لیے 5 کروڑ 3 لاکھ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

بجٹ میں ریگولر الاؤنسز کے لیے مختص رقم بڑھا کر 21 کروڑ 52 لاکھ روپے کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا این 32 طیارہ آسام میں گر کر تباہ

متعلقہ خبریں